بھٹکل 17 نومبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے کاروار کی عائشہ الماس شیخ ایم بی اے (MBA) میں 9.56 CGPA مارکس کے ساتھ بنگلور کی PES یونیورسٹی میں فرسٹ رینک سے کامیاب ہوئی ہیں، اس کے ساتھ ہی انہوں نے نہ صرف اپنے والدین بلکہ کاروار سمیت پورے ضلع اُترکنڑا کا نام بھی روشن کردیا ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر PES یونیورسٹی کے کانوکیشن پروگرام میں نائب صدر وینکیا نائیڈو کے ہاتھوں انہیں گولڈ میڈل سے نوازا گیا اور ان کی تہنیت کی گئی۔
کاروار کے کوڈی باغ کے رہائشی جناب بابابا جان اسماعیل شیخ اور حلیمہ بی شیخ کی دُُختر عائشہ الماس نے اپنی ابتدائی تعلیم سینٹ جوسف کالج کاروار سے حاصل کی تھی، سینٹ مائیکل کانوینٹ ہائی اسکول کاروار سے ایس ایس ایل سی مکمل کیا جس میں انہوں نے 90 فیصد مارکس کے ساتھ امتیازی کامیابی درج کی۔ کاروار کے ہی سینٹ جوسف پی یو کالج میں انہوں نے کامرس شعبہ سے 92 فیصد مارکس کے ساتھ ٹاپ کیا، پھر سرکاری آرٹس اینڈ سائنس کالج آوٹونومس کاروار سے بی بی اے میں بھی 92 فیصد مارکس کے ساتھ نمایاں کامیابی حاصل کی جبکہ پوسٹ گریجویشن کے لئے منعقدہ سی ای ٹی امتحان میں 254 واں رینک حاصل کرتے ہوئے بنگلور کی ٹاپ سمجھی جانے والی PES یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں، جہاں سے انہوں نے MBA میں بالجملہ 9.56 - CGPA مارکس کے ساتھ پوری یونیورسٹی میں ٹاپ کرتے ہوئے گولڈ میڈل کی حق دار قرار پائی۔
یونیورسٹی کے کانوکیشن پروگرام میں نائب صدر ہند وینکیا نائیڈو سمیت کرناٹک کے گورنر تھاورچند گہلوت، منسٹر فور آربن ڈیولپمنٹ بی اے بسوراج، پی ای ایس یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر ایم آر ڈورے سوامی اور نائب چانسلر ڈاکٹر جے سوریا پرساد سمیت کافی اہم شخصیات موجود تھیں۔
عائشہ الماس شیخ کی اس شاندار کامیابی پر ضلع کے مختلف اداروں کی طرف سے انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی گئی ہے اور مستقبل میں بھی مزیدکامیابیاں حاصل کرنے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔